کوئٹہ: نمازِ عید کے دوران فائرنگ، 10افراد ہلاک
کوئٹہ: نمازِ عید کے دوران فائرنگ، 10افراد ہلاک
Friday 9 August 2013
۔ —. فائل فوٹو
کوئٹہ: آج بروز جمعہ 9 جولائی کو ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق کوئٹہ شہر میں مشرقی بائی پاس کے قریب نماز عید کے دوران تقریباً دس افراد نامعلوم حملہ آوروں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔
نمازعید میں سابق صوبائی وزیر علی مدد جتک بھی شریک تھے۔ وہ اس حملے میں محفوظ رہے، اُن کا کہنا ہے کہ عید گاہ میں نمازیوں پر فائرنگ دراصل ان پر قاتلانہ حملہ تھا جو اُن کے دشمنوں نے کیا۔
ہلاک ہونے والے افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس اور فرنٹیئر کور نے علاقے کے کی ناکہ بندی کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔
یاد رہے کہ پیپلزپارٹی بلوچستان کے سابق ڈپٹی پارلیمانی لیڈر اور سابق صوبائی وزیر مواصلات حاجی علی مدد جتک 2008ء میں انتخابی حلقے بی پی -5، کوئٹہ سے صوبائی اسمبلی کے رکن منتخب ہوئے تھے۔
انہیں 5 اپریل کو جعلی ڈگری کیس میں ایڈیشنل سیشن جج کوئٹہ کی عدالت نے دو سال کی قید اور 10 ہزار روپے جرمانے کی سزا سنائی تھی، اور ان کو کمرہ عدالت سے گرفتار کرلیا گیا تھا۔ بعد میں بلوچستان ہائیکورٹ نے علی مدد جتک کی دوسالہ سزا کےخلاف اپیل سماعت کے لیے منظور کرلی، اور 16 اپریل کو اس کیس کی سماعت کرتے ہوئے عدالت نے ان کی سزا معطل کردی تھی۔