بھائی جان
بھائی جان
7 مارچ، 2016 ۔۔۔۔۔۔
وہ کھاتہ کھولےحساب کتاب میں مصروف تھا جب دو خوبصورت اور جوان عورتیں دکان پر آئیں ۔
“یہ سویٹر کتنے کا ہے؟” ایک خاتون کی سریلی آواز آئی۔
“ڈھائی ہزار روپے ” اس نے بتیسی نکالتے ہوئے خوش اخلاقی سےجواب دیا!
“کیا کچھ کم نہیں کر سکتے؟” خاتون نے لہجے میں مٹھاس گھول کر پوچھا۔
“چلئے آپ اس کے دو ہزار دے دیں” اس نے حاتم طائی کی قبر پر لات مارتے ہوئے کہا۔
پلیز کچھ اور کم کریں ناں ۔ خاتون نے بڑے پیار سے کہا!
“اچھا آپ ایسا کریں کہ اس کےاٹھارہ سو روپے دے دیں ” اس نے ایک بار پھر خوش اخلاقی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا۔ “نہیں یہ اب بھی زیادہ ہے” خاتون نے ایک دلفریب مسکراہٹ کے ساتھ کہا۔
“میں یہ سویٹر آپ کو پندرہ سو میں دے سکتا ہوں” اس کا دل موم ہو گیا ۔
“نہیں ‘بھائی جان’ آپ کچھ مزید رعایت کریں “خاتون نے کہا۔
“دیکھو تین ہزار سے ایک پیسہ بھی کم نہیں ہوگا ، لینا ہے تو لے لو ورنہ خواہ مخواہ میرا وقت ضائع نہ کرو ” اس نے بداخلاقی سےجوب دیا۔