عینک
عینک
کیا آپ نے بی بی سی کی وہ رپورٹ دیکھی ہے جس میں ایرانی انقلاب کی کامیابی میں امریکہ کے کردار اور خمینی اور جمی کارٹر کے درمیان رابطوں پر سے پردہ اٹھایا گیا ہے؟
ہا ہا ہا! کیا آپ نہیں جانتے کہ بی بی سی مسلمانوں بالخصوص شیعوں کے خلاف سازش کرنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتا؟ یہ رپورٹ بھی انہی سازشوں کی ایک کڑی ہے۔
چلیں بی بی سی کی رپورٹ کو نالی میں پھینک دیتے ہیں۔ لیکن وہ ویڈیو تو آپ نے ضرور دیکھی ہوگی جس میں آیت اللہ خمینی کے دوست اور دست راست آیت اللہ منتظری نے اس بات کا اعتراف کیا تھا کہ ایرانی انقلاب کا راستہ امریکی صدر جمی کارٹر نے ہموار کیا تھا؟
وہ ویڈیو سراسر جھوٹ پر مبنی ہے اور جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرکے ایک سراسر جھوٹی اور لغو ویڈیو بنائی گئی ہے تاکہ شیعہ مزہب اور ایران کے اسلامی انقلاب کو بدنام کیا جاسکے۔
اس ویڈیو میں امریکی صدر ریگن کا بیان بھی شامل ہے جس میں اس نے جمی کارٹر کو آڑھے ہاتھوں لیتے ہوئے ایرانی انقلاب میں اس کے کردار پر شرمندگی کا اظہار کیا ہے۔
یہ ویڈیو بھی “ویڈیو شاپ” کے ذریعے بنائی گئی ہے جو سراسر جھوٹ ہے اور ایران اور اسلام کو بدنام کرنے کے لئے بنائی گئی ہے۔
چلیں یہ بتائیں کہ کیا آپ نے وہ ویڈیو دیکھی ہے جس میں ہیلری کلنٹن نے اس بات کا اعتراف کیا ہے کہ طالبان کے بنانے میں امریکہ کا ہاتھ تھا؟
ہاں، اب آپ نے سچی بات چھیڑی۔ وہ حقیقت پر مبنی ایک دستاویز ہے۔ آفرین ہو اس خاتون پر جس نے طالبان کا چہرہ پوری دنیا کے سامنے آشکار کیا۔
کیا ایسا نہیں ہو سکتا کہ یہ ویڈیو بھی کافروں کی کوئی سازش ہو؟ جن کا مقصد اسلام، طالبان اور جہاد کو بدنام کرنا ہو! یہ ویڈیو بھی تو جعلی ہو سکتی ہےاور ہیلری کلنٹن بھی تو ایک امریکی اور کافر خاتون ہے۔
نہیں! مجھے یقین ہے کہ یہ ویڈیو سو فیصد اصلی ہے۔
میری دعا ہے کہ خدا تمہیں عقل سلیم عطا کرے تاکہ تم جھوٹ اور سچ اور حق اور باطل میں فرق کر سکو۔